ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / فطری اعتبار سے میں جذباتی ہوں : کمار سوامی

فطری اعتبار سے میں جذباتی ہوں : کمار سوامی

Wed, 18 Jul 2018 01:32:22    S.O. News Service

بنگلورو:17/جولائی(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا ہے کہ سرکاری فیصلے لینے میں وہ جتنے سخت ہیں کسی کا دکھ دیکھنے پر وہ اتنے ہی جذباتی ہوجاتے ہیں۔ آج دہلی میں اخبار ی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ ان کی فطرت جذباتی ہے اس کے لئے وہ کچھ نہیں کرسکتے۔ ریاستی عوام کی مشکلات ان سے دیکھی نہیں گئیں اسی لئے انہیں جلسۂ عام میں آنسو بہانا پڑا۔ عوام کے دکھ سکھ میں اپنی شرکت کاا نہوں نے اسی طرح برسر عام مظاہرہ کیا ہے، اس کو کسی طرح کے رنگ میں رنگنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کے آنسوؤں کی طرح ان کا عمل بھی شفاف ہے۔ وہ قول وفعل میں تضاد پر یقین نہیں رکھتے۔ پارٹی کے سبھی ممبروں کو وہ اپنے افراد خانہ سمجھتے ہیں اسی لئے ان کے ساتھ انہوں نے اپنا دکھ بانٹا ہے۔ کمار سوامی نے کہاکہ وہ اس بات سے انکار نہیں کرتے کہ جلسۂ عام میں وہ روپڑے ، لیکن اس بات کو کوئی دوسرا سیاسی رنگ دینے کی کوشش ہرگز نہ کریں۔ کمار سوامی نے کہاکہ وہ وزیراعلیٰ سے پہلے ایک انسان ہیں، انہوں نے کہاکہ انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار پارٹی کے ایک جلسے میں کیا ہے کسی سرکاری تقریب میں نہیں۔ سرکاری جلسوں اور میٹنگوں میں وزیر اعلیٰ کو جتنا سخت ہونا چاہئے اس سے زیادہ سختی کا مظاہرہ کرنا وہ جانتے ہیں۔ کمار سوامی نے کہاکہ اس جلسے میں انہوں نے ایک گھنٹہ تقریر کی اس تقریر کے دوران انہوں نے یہ کہیں نہیں کہ انہیں کسی پارٹی یا فرد سے تکلیف پہنچ رہی ہے۔بلکہ انہوں نے کسانوں کے قرضے معاف کرنے کا فیصلہ لینے میں حائل پریشانیوں کا تذکرہ ضرور کیا ہے۔ ایک اچھا کام کرنے کی کوشش میں انہیں لوگوں کی تائید نہ ملنے کی شکایت کرتے ہوئے وہ جذباتی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی پارٹی کی طرف سے ہراسانی کو برداشت نہ کرتے ہوئے ان کی طرف سے دکھ کا مظاہرہ کئے جانے کی خبریں بعید از حقیقت ہیں۔ 


Share: